بنگلورو۔3/ستمبر(ایس او نیوز) دریائے کاویری سے تملناڈو کو 50ٹی ایم سی فیٹ پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں کل سپریم کورٹ نے جیو اور جینے دو کے اصول کو اپنا کر تملناڈو کو پانی فر اہم کرنے کے سلسلے میں ریاستی حکومت کو جو مشورہ دیا ہے، آج وزیر اعلیٰ سدرامیا نے قانونی طریقے سے اس سے نمٹنے کے متعلق ریاست کے آبی تنازعات کی سپریم کورٹ میں پیروی کرنے والے وکیل فالی ایس ناریمن سے دہلی میں بات چیت کی۔ سپریم کورٹ کی طرف سے دئے گئے مشورہ کے پیش نظر دوبارہ جب یہ معاملہ عدالت کے سامنے آئے گا، اس پر ریاستی حکومت کا موقف کیا ہوناچاہئے۔اس بارے میں سدرامیا نے تفصیلی تبادلہئ خیال کیا۔ وزیر برائے آبی وسائل ایم بی پاٹل،سدرامیا کے قانونی مشیر برجیش کالپا،سینئر وکیل موہن کتارکی، اور دوسروں نے ایک خصوصی میٹنگ کے ذریعہ آنے والے دنوں میں کاویری تنازعہ پر اپنائی جانے والی حکمت عملی پر تبادلہئ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ سدرامیا نے بتایاکہ تملناڈو کی طرف سے اگر پینے کے پانی کیلئے تقاضہ کیاجاتا تو شاید کرناٹک کے آبی ذخائر میں سے تھوڑا پانی تملناڈو کو دیا جاسکتا تھا، لیکن سامبا فصلوں کو بچانے کیلئے پانی کی مانگ کی گئی ہے۔ اسی لئے فوری طور پر پانی فراہم کرنا حکومت کے بس میں نہیں ہے، عدالت عظمیٰ سے گذارش کی جائے گی کہ مناسب بارش کے بعد تملناڈو کوپانی کی فراہمی کے سلسلے میں احکامات صادر کئے جائیں۔ حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ کاویری طاس پربنے آبی ذخائر میں فی الوقت صرف 51 ٹی ایم سی فیٹ پانی موجود ہے۔ اس میں سے پینے کے پانی کیلئے 40ٹی ایم سی فیٹ پانی کی ضرورت ہے۔گیارہ ٹی ایم سی فیٹ پانی کاویری طاس میں آنے والے علاقوں میں فصلوں کیلئے ضروری ہے۔ دوسری طرف تملناڈو کے مٹور ڈیم میں 34 ٹی ایم سی فیٹ پانی موجود ہے، تملناڈو کیلئے اتنا پانی تین ماہ تک چل سکتا ہے، عدالت کو اس حقیقت سے آگاہ کرایا جائے گا۔ اس سلسلے میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی ہدایت پر 31اگست تک کرشنا راجہ ساگر ڈیم سے فصلوں کیلئے پانی مہیا کرایا گیا۔ تاہم اب پانی کا بہاؤ 10/ ستمبر تک روک دیا گیا ہے۔ پیر کے روز جب یہ معاملہ دوبارہ سپریم کورٹ کے سامنے آئے گا تو ریاستی حکومت کی طرف سے یہ تمام تفصیلات عدالت کے روبرو رکھی جائیں گی۔ یہ بھی بتایا جائے گا کہ تملناڈو میں بارش کا موسم شروع ہوچکا ہے، مٹور اور بلیگنڈ لو آبی ذخائر بارش سے لبریز ہیں۔ اسی لئے تملناڈو کو فی الوقت کرناٹک سے پانی کی چندا ں ضرورت نہیں ہے۔اس کے باوجود بھی کرناٹک نے تملناڈو کو 31/ ٹی ایم سی فیٹ پانی مہیا کرایا ہے۔آنے والے دنوں میں صورتحال دیکھ کر ضرورت پڑنے پر اور پانی مہیا کرایا جائے گا۔